نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا بند روڈ کنٹرول ایکسس پراجیکٹ کادورہ،تعمیراتی کام کامعائنہ کیا

شہری چھٹی کے روز گھروں میں قیام کریں،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی
کیپشن: Citizens should stay at home on holiday, Chief Minister Mohsin Naqvi said

ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا  بند روڈ کنٹرول ایکسس پراجیکٹ کادورہ،تعمیراتی کام کامعائنہ کیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا بند روڈ کنٹرول ایکسس پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھاکہ عوام سے اپیل ہے چھٹی کے روز اپنے گھروں میں قیام کریں۔دفعہ 144 نافذہے لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہیں آنے دیں گے۔   یوم اقبال ؒ پراتنی سختی نہیں ہوگی لیکن بعد میں سختی سے انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔جتنی ٹریفک کم ہوگئی اتنی ماحول بہتر کرنے میں آسانی ہوگی۔سموگ کے حوالے سے اگلے 4 روز انتہائی اہم ہیں۔ تاجر برادری سے رابطے میں ہیں، تاجربرادری کو دیکھنا چاہیے کہ ٹریفک بھی بند ہوگی اور لوگ بھی سڑکوں پر نہیں ہونگے۔تاجربرادری مارکیٹیں بند کرنے کے حوالے سے اعلان بھی کرے گی۔ انسداد سموگ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے سموگ میں ضرور کمی آئے گی۔ 

محسن نقوی کاکہنا تھاکہ گورنر سٹیٹ بینک سے سموگ کیلئے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی۔ کوشش ہے بند روڈ پراجیکٹ 31جنوری تک مکمل کر لیا جائے۔بند روڈ کنٹرول ایکسس پراجیکٹ سے رنگ روڈ سرکل مکمل ہو گا،ایس ایل تھری اور بند روڈ ایک ساتھ منسلک ہونگے۔ساری اہم سڑکوں پر کام ہورہا ہے مستقبل میں بہت مثبت اثر ات مرتب ہونگے۔ زیرتکمیل ترقیاتی پراجیکٹس کی وجہ سے ٹریفک مسائل اور دشواری ضرور ہے لیکن تکمیل پر 30منٹ کا سفر 15منٹ کا ہو گا، لانگ ٹرم فائدہ ہوگا۔  ایس ایل فور پراجیکٹ وفاقی حکومت کا ہے، پنجاب حکومت اس میں اپنا کردار ادا نہیں کر سکتی۔  6،6 سال سے نامکمل پراجیکٹس کوشش کرکے مکمل کررہے ہیں۔ 2016ء میں شروع ہونے والے پراجیکٹ 2019ء میں مکمل ہونے تھے۔ 

نگران وزیراعلیٰ کاکہنا ہے کہ  نشترIIواضح مثال ہے، جسے ہم مکمل کررہے ہیں۔ نشترIIپراجیکٹ 7 سال سے چل رہا تھا جو مکمل کرارہے ہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹ لاہور کی منٹینس کم لاگت میں کروائی ہے، پوری کوشش ہے جہاں پیسہ بچ سکتا ہے بچایا جائے۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات اور محکمہ صحت ملکرہیلتھ پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ صحافی برادری بھی گواہ ہے کہ ہفتوں کا کام دنوں میں کیا جارہا ہے۔ باقی پراجیکٹس کی تکمیل کا بیدیاں روڈ انٹر چینج کی طرح سرپرائز ملے گا۔ کل ملتان جارہا ہوں جہاں کارڈیالوجی کاکئی سالوں سے زیر التواء پراجیکٹ مکمل کیا جارہا ہے۔ شجاع آباد فلائی اوور ملتان پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔جس شہر کا بھی وزٹ کرتاہوں تو جاری پراجیکٹس پر کام کا جائزہ ضرور لیتا ہوں۔ 

محسن نقوی کاکہنا تھاکہ چلڈرن ہسپتال ملتان کی ایمرجنسی پر کام شروع ہے، اگلے 10سے 15دنوں میں مکمل ہوجائے گا۔ راولپنڈی میں رنگ روڈ پچھلے 20سال سے زیر التواء تھا، کام شروع ہوگیا ہے، جلد سرپرائز دیں گے۔ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی پر بڑے پیمانے پر کام ہورہا ہے۔ ساہیوال میں چلڈرن ہسپتال سمیت تین چار بڑے پراجیکٹس پرکام ہورہا ہے۔ ساہیوال میں زیر تعمیربرج کو مکمل کرارہے ہیں۔