پی ٹی آئی نے 24نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پھر الیکشن کمیشن کو بھجوادیا

پی ٹی آئی نے 24نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پھر الیکشن کمیشن کو بھجوادیا
کیپشن: PTI then sent a 24-point charter of demand to the Election Commission

ایک نیوز : پاکستان تحریک انصاف کا 24 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پھر سے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ۔

مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا معاملہ الیکشن کمیشن سے اٹھا دیا۔

 عمرایوب کا کہنا تھاکہ  الیکشن کمیشن اور تحریک انصاف کے وفد کےدرمیان انتخابی ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے حوالے سے  ملاقات کی گئی۔تحریک انصاف کے بیرسٹر گوہر علی،ڈاکٹر بابر اعوان ،سینیٹر علی ظفر  پر مشتمل وفد نے  الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ملاقات میں تحریک انصاف کے وفد کی جانب سے شفاف اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کیلئے باضابطہ طور پر چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا۔گزشتہ ملاقات کے بعد ہونے والی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں یہ چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کی توجہ دلانے کیلئے ایک بار پھر پیش کیا جا رہا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کامزید کہنا تھاکہ آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں تحریک انصاف کو مسلسل لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم رکھا جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے 90 روز کی مدت کے اندر انتخاب کے انعقاد کا شیڈول جاری کرے۔تحریک انصاف اراکین کو غیر قانونی گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں جیسے اقدامات کے ذریعے مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے

عمرا یوب کاکہنا تھاکہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین عمران خان اس وقت ایک بے بنیاد اور من گھڑت مقدمے میں پابند سلاسل ہیں۔تحریک انصاف کے جھنڈوں سے لے کر پارٹی کا موقف میڈیا پر نشر کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔یہ معاملہ نہ صرف تحریک انصاف بلکہ پاکستان کی جمہوریت کیلئے بھی انتہائی سنگین اور تشویش کا باعث ہے۔