صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائینگے،عرفان صدیقی

Nov 08, 2023 | 20:16 PM

ایک نیوز : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی کاکہنا ہے کہ صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی  کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کادورہ،پی ایف یو جے کے وفد نے بھی ملاقات ۔

ن لیگ کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی کاصحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھاکہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں درپیش مشکلات کا تدارک کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن)کے منشور کی تیاری کے سلسلے میں مختلف طبقات سے رابطوں اور ان کی رائے لینے کے لئے مقامی چیمبر آف کامرس سے رابطے کے بعد سینیٹرعرفان صدیقی نے  نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

 سینیٹر عرفان صدیقی کاکہنا تھاکہ میں خود صحافت سے وابستہ رہا ہوں اور جانتا ہوں کہ صحافی اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر نہایت مشکل حالات میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آزاد اور ذمہ دار صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے، آزادی اظہار رائے کو جمہوریت کا بنیادی تقاضا خیال کرتی ہے اور وہ ان تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی میڈیا پالیسی وضع کرے گی۔ہم جذباتی نعروں اور خیالی دعووں کے بجائے قابل عمل تجاویز تیار کریں گے۔ایسا منشور بنائیں گے جو قابل عمل اہداف کے حصول کی دستاویز بنے۔

عرفان صدیقی کاکہنا تھاکہ انصاف کے حصول کے لئے لوگ کنگال ہو جاتے ہیں، برسوں بعد مقدمات کی سماعت ہوتی ہے۔ عوام ان مسائل سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے منشور کی تیاری کے لئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی سوچ اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔  انہوں نے بتایا کہ منشور کی تیاری کے لئے 30 ذیلی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جمعہ کے دن، 10 نومبر کو منشور کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ہوگا۔ پورٹل بھی بنا رہے ہیں تاکہ پورے پاکستان سے تجاویز حاصل کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ منشور کی تیاری کے لئے روایتی انداز اختیار نہیں کیا بلکہ وسیع مشاورت کے عمل کا ذریعہ بنایا ہے۔ اس موقع پر صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے بیرونی دنیا کی طرز پر میڈیا محتسب کا ادارہ بنانے کی بھی تجویز دی۔

مزیدخبریں