صدر  عارف علوی کا نگران وزیر اعظم کے نام خط 

صدر  عارف علوی کا نگران وزیر اعظم کے نام خط 
کیپشن: صدر  عارف علوی کا نگران وزیر اعظم کے نام خط 

ایک نیوز :صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو خط لکھا ہے ۔

تفصیلات کےمطابق صدر مملکت نے نگران وزیر اعظم کو بنیادی حقوق  اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے پاکستان تحریک  انصاف کے  خدشات پر غور کرنے کا کہا ۔صدر مملکت نے خط میں کہا کہ نگران حکومت کا غیر جانبدار اکائی  کے طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بےحد اہم ہے ،آئندہ انتخابات میں  تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع  فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے ،عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور  آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار  کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے ،آزادانہ ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے،تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے ۔

صدرمملکت نے خط میں مزید کہا کہ صدر  ریاست کے سربراہ کے طور پر جمہوریہ  کے اتحاد کی علامت ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں ،اسی وجہ سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے الزامات پر مشتمل خط  آپ کو ارسال کررہا ہوں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کی جبریوں گمشدگیوں  کے بڑھتے ہوئے واقعات    پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی ،لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور وفاداریاں کرانے جیسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں ، خواتین سیاسی ورکرز کی طویل نظر بندی  یا عدالت کی جانب سے ریلیف کے بعد بار بار دوبارہ  گرفتاریاں  معاملے کو مزید حساس بنا دیتی ہیں،آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے ،آئین کے آرٹیکل  17 کے تحت  سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19  ہر شہری کو آزادی اظہارِ رائے  کے ساتھ  آزاد پریس  کا حق دیتا ہے ، نگران وزیر اعظم ، حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ، ان معاملات پر غور کریں۔