ورلڈ کپ 2023: انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو160رنز سے شکست دیدی

Nov 08, 2023 | 11:05 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: آئی سی سی ورلڈکپ میں انگلینڈ نے نیدر لینڈز کو 160 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
پونے میں کھیلے گئے آئی سی سی کے ورلڈکپ  کے 40 ویں میچ  میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے نیدرلینڈز کیخلاف پہلے بیٹنگ کا  فیصلہ کیا۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے، بین اسٹوکس 108 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ان کی 84 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 6 چھکے، 6چوکے شامل تھے۔
اس کے علاہ ڈاؤڈ ملان 87 اور کرس ووکس نے 51 رنز اسکور کیے، جونی بیرسٹو  15، جو روٹ 28 ، ہیری بروک 11 اورکپتان جوز بٹلر صرف 5 رنز  بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 
نیدرلینڈز کی جانب سے باسڈی لیڈا نے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ  آریان دت اور لوگن وان بیک نے  2، 2  اور میکارین نے ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کے 340 رنز کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم  37.2 اوورز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نیدرلینڈ کی جانب سے اسکاٹ ایڈورڈز 38 ، ویسلے بریسی37 اور سائبرانڈ 33 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ باسڈی لیڈا 10، میکس او ڈوڈ 5 اور میکارین 4،کولن ایکرمین اور وین ڈر میروی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ  وان بیک 2 اور آریان دت ایک رن بنا سکے۔
تیجا ندا منورو 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے۔انگلینڈ کے معین علی اور عادل رشید نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیدرلینڈز پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔
ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو اس فہرست میں انگلینڈ 8 میچز میں 2 کامیابیوں کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ 7 ویں نمبر پر ہے جبکہ  نیدرلینڈز 8 پوائنٹس کے ساتھ ہی 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔

مزیدخبریں