نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا ایکشن: سرکاری سکول کو فرنیچر مل گیا

Nov 08, 2023 | 11:02 AM

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے دورے کے بعدماڈل ٹاؤن میں ٹاٹ والے سرکاری سکول کی سنی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق ٹاٹ والی کلاسز میں بچوں کیلئے فرنیچر آگیا۔ صفائی میں بہتری،سکول اور کلاس رومز میں پینٹ شروع،لائٹس اور پنکھے لگ گئے،کھڑکیوں کے شیشے اور جالیاں بھی لگ گئیں۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 5روز بعد گورنمنٹ جونیئر ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن کا دوبارہ دورہ کیا۔ صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر اور اظفر علی ناصر بھی ہمراہ تھے۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گزشتہ دورے کے دوران سکول کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کاجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سکول اچانک آمد پر بچوں نے خوشی کااظہار کیا۔ بچے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے گرد جمع ہوگئے۔ بچوں نے سکول کی حالت بہتر بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات پروزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ 

وزیراعلی محسن نقوی بچوں میں گھل مل گئے، مصافحہ کیا اور ان سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکول کے خاکروب رابرٹ کو خصوصی طورپر اپنے پاس بلایا اور مسئلے کے حل کے بارے میں پوچھا۔ رابرٹ نے مسئلے کے حل پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی کلاس رومز میں گئے، بچوں سے ملاقات کی اور مسائل کے بارے میں پوچھا۔ بچوں نے سکول میں کھیلنے کی اجازت نہ دینے اور کینٹین نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکول میں بچوں کو بریک میں کھیلنے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پرنسپل کوبچوں کو کھیلنے سے نہ روکنے کے بارے میں موقع پر ہدایات دیں۔ 

محسن نقوی نے بچوں سے گفتگو میں کہا کہ وہاب ریاض بھی آپ کے ساتھ آکر کرکٹ کھیلیں گے۔ جلد سکول میں کینٹین بھی کھول دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 2009 کی بنی آئی ٹی لیب کے پرانے کمپیوٹرز کو تبدیل کرنے کاحکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ آئی ٹی لیب کے لئے فوری طورپر جدید کمپیوٹر مہیا کئے جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جدید دور میں کمپیوٹر کے بغیر تعلیم کاحصول ممکن نہیں۔ بچوں کے لئے جدید آئی ٹی لیب کی ضرورت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آئی ٹی لیب کے لئے 3کمرے مختص کرنے اور کمپیوٹر ز کی تعداد 50 تک بڑھانے کی ہدایت کردی۔

مزیدخبریں