ایک نیوز نیوز:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کی جانب سے متعدد مقامات کو بلاک کرنے کے بعد جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں کو اسلام آباد میں داخلے کے لیے متبادل راستے تلاش کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ راولپنڈی کے سکول بھی دو دن کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کارکنان کا ایم ٹو موٹر وے پر احتجاج جاری ہے، موٹروے دونوں اطراف سے بند کردی گئی ہے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ موٹروے ایم ٹو سے اسلام آباد میں داخلہ بند کردیا گیا ہے۔راولپنڈی کے شمس آباد میں مظاہرین کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ مری روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا گیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پڑا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کے گرد ایوب چوک، ایکسپریس چوک اور نادرا چوک پر ڈائیورژن لگا دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک کو صرف مارگلہ روڈ سے کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی طرف جانے کی اجازت ہے۔
پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ کا آغاز آج سے ہوگا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے وزیر آباد سے ہی لانگ مارچ کے دوبارہ آغاز کو بدھ تک مؤخر کردیا ہے۔ یہ فیصلہ عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی اہم ملاقات کے بعد سامنے آیا جس میں چودھری پرویز الہٰی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی کچھ ”ٹھوس“ وجوہات تحریک انصاف چئیرمین کے سامنے رکھیں جنہیں قبول کرلیا گیا۔