ایک نیوز:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےہیڈ کوارٹرز نارتھ فرنٹیئر کور بلوچستان کا دورہ کیا۔
تفصیلات کےمطابق فرنٹیئر کور نارتھ کے آئی جی میجر جنرل امیر اجمل چودھری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔ فرنٹیئر کور نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے محسن نقوی کوسلامی پیش کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی،محسن نقوی نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، محسن نقوی نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے میوزیم کا دورہ کیا اور تاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور نارتھ کے جدید آلات کا بھی معائنہ کیا، محسن نقوی کی زیر صدارت فرنٹیئر کور نارتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں قیام امن کیلئے فرنٹیئر کور نارتھ کی خدمات کو سراہا ۔
محسن نقوی کاکہناتھاکہ فرنٹیئر کور کی قیام امن کیلئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں۔ فرنٹیئر کور نارتھ نے بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ فرنٹیئر کور نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔ بلوچستان میں بسنے والے محب وطن پاکستانی ہیں۔بلوچستان کی پائیدار ترقی کا تعلق پائیدار امن سے جڑا ہوا ہے۔
محسن نقوی کو فرنٹیئر کور نارتھ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے بارے بریفنگ دی گئی ،وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی ہمراہ تھے۔