ایک نیوز: وہاڑی کی تحصیل میلسی میں پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں بھائیوں کا خون سفید ہو گیا ہے،زمین کے تنازعہ پر چچا زاد اور سگے بھائیوں نے مل کر اپنے سگے بھائی سلیم کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق میلسی میں پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں کمبر روڈ کے رہائشی محمد سلیم کا چچا زاد اور سگے بھائیوں کیساتھ زمین کا تنازعہ چل رہا تھا جس کے بعد سگے بھائیوں اور چچا زاد بھائیوں نے ملکر45 سالہ سلیم کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کی وجہ سے سلیم کا پورا جسم جھلس گیا ۔
متاثرہ شخص آٹے کی چکی چلاتا ہے اور چار بچوں کا باپ ہے جھلسنے والے شخص کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122نے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ملتان برن یونٹ نشتر ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے پولیس تھانہ سٹی نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے متاثرہ شخص نے اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔