فوزیہ صدیقی کو امریکامیں قید بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات کاویزہ مل گیا

May 08, 2023 | 11:37 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے امریکی ویزہ مل گیاہے اور وقت بھی طے پا گیاہے ۔

تفصیلات کےمطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ سدیقی کی امریکی قیدسے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزہ مل گیاہے ، عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک امریکی جیل میں ملاقات طے پاگئی ہے ،فوزیہ صدیقی اور امریکی وکیل کلائیو سمتھ عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔

عافیہ صدیقی کے امریکہ میں وکیل کلائیو سمتھ عدالت کے سامنے پیش ہوئے،درخواست گزار ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنے وکیل عمران شفیق کے ہمراہ پیش ہوئے،وکیل کلائیو سمتھ نے عافیہ صدیقی کیس سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔

عدالت نے فوزیہ صدیقی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب کبھی کوئی ایشو ہو درخواست دیں اگلے دن عدالت سن لے گی۔

عدالت نے حکومت کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات، معلومات وکیل سےشئیر کیں جائیں۔امریکی وکیل کلائیو سمتھ یقین دہانی کرائیں گے معلومات عافیہ صدیقی کیس کے علاؤہ استعمال نہیں ہوں گی،امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ تاکہ وہ کیس تیار کر سکیں۔

حکام دفتر خارجہ نےکہا ہے کہ حساس معلومات کی وجہ سے مجاز اتھارٹی کی منظوری ضروری ہو گی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جس حد تک ممکن ہو سکا عافیہ صدیقی کے وکیل سے مکمل تعاون کریں گے،تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فوزیہ صدیقی کی امریکہ میں سیکورٹی سیفٹی یقینی ہو ،امریکی وکیل کلائیو سمتھ کا شئیر کردہ ڈاکومنٹ کانفیڈینشل رہے گا۔عدالت نے ڈاکومنٹ صرف وزارت خارجہ کے ساتھ شئیر کرنے کی ہدایت کردی۔

بعدا زاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں