IMFغیر مطمئن، پاکستان کو مئی اور جون میں کتنےارب ڈالر واپس کرنا ہونگے؟

May 08, 2023 | 11:12 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کے دوست ممالک کی فنڈنگ کی یقین دہانی پر بھی مطمئن نہ ہوا، پاکستان کو مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر واپس کرنے کا پلان دینا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام تاحال تاخیر کا شکار ہے، پاکستان نے مزید ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کا پروگرام دیا، لیکن وہ بھی ناکافی قرار پایا، اب پاکستان کو مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر واپس کرنے کا پلان دینا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 3.7 ارب ڈالر کا قرض واپس کرنے کے لیے دوست ممالک سے مزید سپورٹ ظاہر کرنا ہوگی۔آئی ایم ایف زرمبادلہ ذخائر 2 ماہ کی درآمدات کے مساوی کرنے کے مطالبے سے دست بردار نہیں ہوا، 2 ماہ کی درآمدات کے مساوی زرمبادلہ ذخائر کی رقم 11 سے 12 ارب ڈالر بنتی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے نویں جائزہ کے لیے بیش تر شرائط پوری کیں، نویں جائزہ پر اسٹاف لیول معاہدے کی خاطر 170 ارب ٹیکس منی بجٹ کے ذریعے لگائے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 9 فروری کو ہونا تھا جو تاخیر کا شکار ہے، آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاسوں کا شیڈول بھی جاری ہو چکا، 17 مئی تک اجلاس میں پاکستان کسی ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہونے پر عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ بھی نہیں ہوگی، آئی ایم ایف سے معاملات طے نہ ہونے پر بجٹ سازی کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مزیدخبریں