کراچی: میٹرک امتحانات، بوٹی مافیا سرگرم، انگریزی کا پرچہ آؤٹ

May 08, 2023 | 09:19 AM

JAWAD MALIK

This browser does not support the video element.

ایک نیوز: کراچی میں میٹرک کے امتحانات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل راتوں رات امتحانی مراکز تبدیل کر دیے گئے جس کے باعث طلبہ اور متعلقہ اسکولز پریشان ہیں جبکہ نویں جماعت کا انگلش کا پرچہ وقت سے قبل ہی آؤٹ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو رہے ہیں، ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ کا کہنا ہے کہ سندھ کے تمام ڈویژنوں میں 2 شفٹوں میں امتحان لیے جائیں گے، جب کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، اور میرپورخاص میں امتحانات ہو رہے ہیں، میٹرک امتحانات میں سندھ بھر سے 7 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کا کمپیوٹر کا پرچہ آج لیا جائے گا، ساڑھے 9بجے پرچہ شروع ہوگا، دورانیہ 3گھنٹے ہوگا، دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت جنرل گروپ کا پرچہ لیا جائے گا۔

چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کے مطابق کراچی میں 3 لاکھ 93 ہزار 264 طالب علم میٹرک کے امتحانات میں شرکت کریں گے، جن کے لیے شہر میں 524 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، لڑکیوں کے لیے 245 اور لڑکوں کے لیے 279 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔

امتحانی مراکز میں اساتذہ اور طلبہ کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی ہوگی، جب کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ کاپی کلچر کو روکنے کے لیے امتحانی مراکزکے اندر اور باہر سیکیورٹی سخت کی جائے گی۔ بیرونی مداخلت پر پابندی اور امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رکھی جائیں گی۔

سندھ حکومت، وفاق اور کے الیکٹرک سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سکھر بورڈ کے زیراہتمام ہونے والے میٹرک امتحانات میں نقل کا آغاز ہوگیا ہے اور نویں جماعت کا انگلش کا پرچہ وقت سے قبل ہی آؤٹ ہوگیا ہے۔ یہ پرچہ مختلف واٹس ایپ گروپس میں لیک کیا گیا ہے۔

صبع کی شفٹ میں پرچہ دینے والےطلبہ کی جانب سے سنٹر دور ہونے کی شکایات بھی کی گئی اور طلبہ کاکہنا ہے کہ پہلے پیر میں طلبہ کو بنیادی سہولیات کی کمی بھی دیکھی گی،صدر ٹاؤن کے متعدد اسکولوں میں ٹھنڈے پانی کی سہولیات نہیں،شدید گرمی میں طلبات کے ساتھ انے والے والدیں کو مناسب جگہ نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی بھی نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات دینگے،سینٹرل جیل میں امتحانات کی تیاری مکمل کر لی گئی،33 قیدیوں امتحانات دینگے،دسویں کے 25 اور نویں کے 8 قیدیوں نے حصہ لیا۔ امتحان دینے والے 8قیدی ضمانت پر بھی رہا ہو گئے۔

مزیدخبریں