ایک نیوز:رہنما تحریک انصاف شبلی فراز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے مگر پھر بھی عدالت حاضرہونے کو تیار ہیں۔
عمران خان تو عدالت آنے کو تیار بیٹھے ہیں لیکن زمان پارک کے باہر کرفیو جیسی صورتحال ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشبلی فراز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سکیورٹی کیلئےدرخواست 3 روز سے ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے مگر فیکس نہیں ہوئی، آج اعتراض بھی ختم کر دیا مگر وہ آج بھی دوبارہ فیکس نہیں ہوئی۔
رہنماپی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان پر سیاسی اور جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، حکومت کی جانب سے آئین کو پامال کیا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہناتھا کہ زمان پارک کے باہر کرفیو جیسی صورتحال ہے ۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جلسے، جلوس، ریلیاں جمہوریت کا حسن ہیں۔ کیسی لیول پلیئنگ فیلڈ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کو ریلی کی اجازت نہیں۔ عمران خان پر اس وقت 78 مقدمات درج ہو چکے ہیں جن کا مقصد چیئرمین پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانا ہے۔ مقدمات سے کچھ نہیں ہو گا، عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کےسربراہ ہیں، عمران خان پر پہلے قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے، ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں دوبارہ حملے کی تیاری ہو رہی ہے۔