عمران خان نے حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواستیں واپس لے لیں

Mar 08, 2023 | 18:56 PM

پی  این این : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکلا نے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں فوری سماعت کیلیے مقرر نہ ہونے پر واپس لے لیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلا کی جانب سے دائر درخواستوں میں تھانہ رمنا کے دو اور کوئٹہ کے ایک مقدمے میں 15 روز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ۔ درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئی ہیں اور آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ عدالت میں پیشی کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے۔

 دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر ہونے اور فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کے معاملے پر ایڈیشنل رجسٹرار اور پی ٹی آئی رہنماؤں میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ ایڈیشنل رجسٹرار کاکہنا تھاکہ   حفاظتی ضمانت کا اصول ہے کہ ملزم پہلے عدالت میں موجود ہو، تمام ججز گھر جا چکے ہیں آپ کی درخواستوں کے لیے ججز واپس آئیں گے۔ پہلے آپ عمران خان کو لیکر لاہور ہائیکورٹ پہنچیں پھر ہم درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی آپ نے درخواست مقرر کرواکر عمران خان کو پیش نہیں کیا تھا۔

 پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ اسطرح پہلے ہماری دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف درخواست کو مقرر کردیں، زمان پارک کو چاروں اطراف سے پولیس نے گھیر رکھا ہے  دفعہ144کے نفاذ کے خلاف پٹیشن کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

ایڈیشنل رجسٹرار نے درخواستوں کی آج ہی سماعت سے معذرت کی تو عمران خان کے وکلا نے تینوں مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔

مزیدخبریں