ایک نیوز: پاکستان سمیت دنیا بھر میں عورتوں کے حقوق کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ لاہور میں عورت مارچ کی جانب سے حقوقِ نسواں بارے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ریلی لاہور پریس کلب سے شروع ہوئی۔ ریلی میں مردوں اور عورتوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ ریلی ایجرٹن روڈ سے ہوتی ہوئی پنجاب اسمبلی چیئرنگ کراس تک جائے گی۔
ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پمفلٹ تھامے ہوئے ہیں۔ پملٹس پر اپنے مطالبات کے نعرے درج ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری ریلی کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ ریلی کی وجہ سے شملہ پہاڑی سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والی ٹریفک بند کردی گئی۔
دوسری جانب کراچی میں عورت مارچ کے منتظمین نے پریس کانفرنس کی ہے۔ جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ عورت مارچ 12 مارچ کو کیا جائے گا۔ اپنے حقوق کے لئے مارچ کریں گے۔
کراچی سے عورت مارچ تنظیم کی منتظم شیما کرمانی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے مارچ کرتے آرہے ہیں۔ 12 مارچ کے روز ہم اپنا عورت مارچ رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ مطالبات ہیں، جس میں سے پہلا مطالبہ ہے کہ ہمیں مناسب اجرت دی جائے۔ اس کے علاوہ سیلاب متاثرین کی ہر مہینے سوشل سیکیورٹی کی بنیاد پر مدد کی جائے۔
منتظمین نے الزام عائد کیا کہ یہاں بھی ہم پر پابندیاں لگ رہی ہیں۔ آزادی صحافت کا نعرہ لگانے والے ہم پر پابندیاں لگا رہے ہیں۔