بیڈمنٹن چمپئن شپ:  مینز، وویمنز دونوں ٹائٹلز واپڈا نے جیت لئے

Mar 08, 2023 | 13:27 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: واپڈا نے مینزٹیم ٹائٹل کے فائنل میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو 0-3 جبکہ ویمنز ٹیم ٹائٹل کے فائنل میں پنجاب کو 1-3 سے ہرادیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واپڈا نے بیڈمنٹن کاایک اور قومی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ نیشنل بیڈمنٹن چمپئن شپ میں واپڈا نے مینز اور ویمنز دونوں ٹائٹلز  جیت لئےہیں۔ لاہور میں کھیلی گئی قومی چمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان واپڈا کی مینز ٹیم نے ہائیر ایجوکیشن ٹیم کو 0-3کی برتری سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے جبکہ ویمنز فائنل میں بھی واپڈا کی ٹیم فتح یاب ہوئی ہے اور  پنجاب کی ویمنز ٹیم کو 1-3سے شکست دی ہے۔ 

  مینز فائنل میں واپڈا کے لاروش خان نے ایچ ای سی کے رانا امریز کو 2-0سے شکست دی۔ ڈبل میچ میں واپڈا کے عظیم سرور اور زونین نے ایچ ای سی کے روحان اور جلیس کو 2-0 سے شکست دی جبکہ انفرادی مقابلہ میں واپڈا کے مقیت طاہر نے ایچ ای سی کے آشان کو 2-1 سے ہرایا۔

 خواتین کے فائنل مقابلوں میں واپڈا کی غزالہ صدیق نے پنجاب کی زبیرہ کو 2-0سے شکست دی جبکہ ڈبل ایونٹ میں واپڈا کی ماحور شہزاد اور غزالہ صدیق نے پنجاب کی زبیرہ اور اقصیٰ کو 2-0سے شکست دی۔تیسرے میچ میں واپڈا کی بشریٰ زخمی ہو گئی اور انہیں  پنجارب کی امل طارق سے 1-2سے شکست کھانی پڑی۔

بعد ازاں، ڈبل میچ میں واپڈا کی صائمہ وقار اور خضریٰ رشید نے پنجاب کی حادیہ اور قرۃ العین کو 2-0سے شکست دے کر جیت اپنے نام کی۔  نیشنل بیڈمنٹن فیڈریشن اور واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے منعقد کی گئی یہ چیمپین شپ لاہور میں کھیلی گئی تھی۔اگرچہ ٹیم ٹائٹل کے لئے کھیلے گئے میچز اختتام پزیر ہو چکے ہیں تاہم انفرادی ٹائٹل کے لئے میچ 12مارچ تک جاری رہیں گے۔

  چیمپین شپ میں ملک بھر سے 11 ٹیموں نے حصہ لیا جس میں بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پولیس شامل ہیں۔

مزیدخبریں