ایک نیوز: لاہور میں بھی سورج نے اپنے تیور دکھانے شروع کر دئیے ہیں، درجہ حرارت 30 ڈگری عبور کر گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گرمی نے اپنے جوہر دکھانا شروع کرد ئیے ہیں۔ لہلہاتی ٹہنیاں اور مسکراتے پھول موسم بہار کی آمد کا پتہ دے رہے ہیں۔ درجہ حرارت30 ڈگری سینٹی گریڈ عبور کر گیا ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
اس بار موسم ایک طویل عرصے کے بعد اپنا دورانیہ کتابی مدت کے عین مطابق پورا کر رہا ہے اور صحیح وقت پر رتوں کی تبدیلی واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے۔ موسم سرما نے اپنا بھرپور جوبن دکھایا ہے ۔ موسم بہار کی آمد میں کوئی رخنہ نہیں ڈالا۔ دھوپ میں تیزی لیکن چبھن نہیں ہے، چلتی ہوا میں اگرچہ خنکی ہے مگر صحت بخش تازگی کا احساس لئے ہوئے ہے۔
بہار قدرے دبے پاؤں آتی ہے اور دبے پاؤں ہی چلی جاتی ہے تاہم اپنا تاثر بھرپور انداز میں ضرور چھوڑتی ہے۔ شہروں میں بہار کا آغاز بسنت کی گہما گہمی سے ہوتا ہے ۔ البتہ شہروں سے باہر نکلیں تو کھیتوں میں پھولی سرسوں جب سبز رنگ کے پس منظر میں پیلے پھولوں کی بہار دکھاتی ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے دیکھنے والے کا دل فطرت کی نرم و کومل گرفت میں آ گیا ہے۔