ایک نیوز: قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے معاملے پر انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے79 طلباء کو یونیورسٹی سے نکال دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے بعد یونیورسٹی کوتاحکم ثانی بند کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے جھگڑے میں ملوث 79 طلباء کو یونیورسٹی سے نکالتے ہوئے ان کی ڈگریاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے رجسٹرار کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قانون کو ہاتھ میں لینے، تعلیمی سرگرمیوں کو متاثرکیے جانے اور نظم وضبط کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔اس سے پہلے یونیورسٹی میں جھگڑے کے معاملے پر 60 طلبا کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ جس میں حالیہ لڑائی جھگڑے، کارسرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ، طالبات کو ہراساں کرنے، اقدام قتل، زبردستی راستہ روکنے اور مسلح حملہ آور ہونے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آرکے مطابق جھگڑے کے بعد یونیورسٹی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ طلبہ کی جانب سے خواتین طالبات کے ہاسٹل میں داخلےاورہراسانی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ وفاقی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منگل 28 فروری کی شب کارروائی کرتے ہوئے متعدد طلبہ کوگرفتارکر لیاتھا۔