عمران خان کی ویڈیولنک کےذریعے پیشی،سکیورٹی درخواست پر اعتراض ختم

Mar 08, 2023 | 10:45 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی اور سکیورٹی کی درخواست پر آفس اعتراض ختم کر دیا۔درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پرسماعت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اعتراض کے خلاف درخواست پر سماعت کی، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کو سکیورٹی کے حوالے سے خطرات لاحق ہیں، رجسٹرار آفس نے جن فریق پر اعتراض کیا ہے درخواست سے ان کے نام نکالنے کے لیے تیار ہیں۔

عدالت عالیہ نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر کے اسے سماعت کے لئے متعلقہ بنچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی سفارش کر دی۔

خیال رہےکہ عمران خان نےگرفتاری اور کارروائیوں سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر لاہور  ہائی کورٹ آفس نے اعتراض لگایا  تھا کہ درخواست  کے ساتھ مصدقہ نقول نہیں اور  درخواست میں متعلقہ لوگوں کو فریق نہیں بنایا گیا۔درخواست میں وفاق، آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور کمشنر لاہور سمیت تمام صوبوں کے ہوم سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جب تک عدالت پیشی کے لیے مناسب سکیورٹی انتظامات نہ ہوں،گرفتاری سمیت کوئی کارروائی نہ کی جائے، جان کوخطرےکے پیش نظر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگائی جائے، انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر جھوٹے اور سیاسی کیسوں سے محفوظ کیا جائے، تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات  کیے جائیں۔

مزیدخبریں