ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف اور صدرمملکت سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے خواتین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقاء میں ان کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی۔ تحریکِ پاکستان میں فاطمہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسف زئی، خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقاء میں مرکزی کردار کسی قیمت جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نےکہا کہ ہمارے دین اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیے۔ ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا، اسلام خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے. پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے۔ آج قوم کی با صلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقے سے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی نسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، آپ ملک و قوم کا فخر ہیں اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے آپ کی صلاحیتوں اور خدمات کی ضرورت ہے۔
خواتین کو سماجی اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے: صدر مملکت
صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو سماجی اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے بیان میں عارف علوی نے کہا کہ خواتین کوترقی اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ خواتین ٹیک ایجوکیشن، کیریئر اور گورننس میں کم نمائندگی رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز تک خواتین کی رسائی بہتر بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں انٹرنیٹ سروسز، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز تک خواتین کو رسائی دینا ہے۔
آج کے دن سے متعلق تعصبات سے گریز کریں:شیری رحمان
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ تمام اہل وطن سے گزارش ہے آج کے دن سے متعلق تعصبات سے گریز کریں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان کی جرات مند، محنتی اور بہادر عورتوں سمیت دنیا بھر کی عورتوں کو آج کا دن مبارکباد ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن خواتین کی ’جدوجہد‘ کی علامت ہے، یہ دن منانے کا مقصد عورتوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے حقوق کو تسلیم کرنا ہے اور ان کے مساوی حیثیت سے متعلق بیداری پھیلانا ہے، پاکستان کی 49 فیصد آباری عورتوں پر مشتمل ہے۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عورتیں خاندانی نظام، معاشرے، ملک اور معیشت سمیت ہر شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں، ملک بھر کی عورتوں کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات اور برابری کا ماحول ملنا چاہیے، آج ہماری عورتیں زیادہ نہیں بلکہ اپنے انسانی، آئینی اور قانونی حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عورتوں کو آئین اور قانون کے مطابق حقوق اور مقام ملنا چاہیے، تاکہ وہ سماجی اور معاشی طور پر باوقار زندگی گزار سکیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں آج کا دن ملک کی محنت کش، مزدور اور سیلاب سے متاثر عورتوں کو ڈیڈیکیٹ کرتی ہوں، آپ بھی گھر، اردگرد، معاشرے اور مختلف شعبوں سے متعلق خواتیں کو آج کا دن ڈیڈیکیٹ کریں۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ عورتوں کے کام، محنت، کاوشوں اور کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔