پلے آف میں کونسی ٹیمیں جگہ بنائیں گی؟ ٹورنامنٹ دلچسپ مراحل میں داخل

Mar 08, 2023 | 09:34 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ملتان سلطانز کیخلاف کامیابی نے ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنادیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں اور  کراچی کنگز اس دوڑ سے باہر ہوگئی ہے جبکہ تین ٹیمیں ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کی ٹیمیں بقیہ دو پوزیشنز پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور کے 12 ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی 12 جبکہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے 8،  8 پوائنٹس ہیں۔ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 4 ، 4 پوائنٹس ہیں۔کراچی کا صرف ایک میچ باقی ہے جبکہ کوئٹہ اور ملتان سلطانز کو مزید دو اور پشاور کو مزید 3 میچز کھیلنے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کوالیفائی کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے ملتان سلطانز اور  پشاور زلمی دونوں ہی سے اپنے میچز جیتنا ہوں گے۔آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور اگر اس میچ میں پشاور زلمی فتح یاب ہوا تو پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کہانی بھی ختم ہوجائے گی۔ پشاور کے ساتھ ساتھ ملتان سلطانز کی بھی فائنل فور میں رسائی یقینی ہوجائے گی لیکن اگر کوئٹہ نے بابر اعظم کو ہراد دیا تو پھر اس کے چانسز  برقرار رہیں گے۔

 10 مارچ کو ملتان سلطانز اور  پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ آج کوئٹہ کی فتح کی صورت میں جمعہ کو شیڈول اس میچ کو کوارٹر فائنل کی حیثیت حاصل ہوجائے گی کیوں کہ اس میچ کی فاتح پلے آف میں جگہ بنالے گی۔

 بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  اور جمعے کو ملتان سلطانز اگر جیت جاتی ہے اور ہفتے کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملتان سلطانز کو شکست دے دے تو پھر سب کی نظریں اتوار کو اسلام آباد اور پشاور کے درمیان شیڈول میچ پر ہوں گی اور پشاور کیلئے یہ میچ جیتنا اہم ہوگا۔

موجودہ صورتحال میں اگر مگر کی صورتحال بدھ اور جمعے کو ہونے والے میچز کے نتائج پر کافی حد تک منحصر کرے گی لیکن کوئٹہ کیلئے اہم یہ ہے کہ وہ اپنا نیٹ رن ریٹ بقیہ دونوں میچز میں جس قدر ہوسکے بہتر کرے۔

مزیدخبریں