ایک نیوز :وائٹ ہاؤس نےخواتین کیلئے جرات ایوارڈ کا اعلان کیا ہے ۔ جس کے مطابق افغان لیڈی ڈاکٹر زکریا حکمت کو وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران سپیشل ’جرات ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق سکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن اور خاتون اول جِل بائیڈن وائٹ ہاؤس میں سالانہ انٹرنیشنل ویمن آف کریج (IWOC) ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کریں گی۔ یہ ایوارڈ 2007 سے دیا جا رہا ہے۔ ایسی خواتین کو یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے جو امن، انصاف انسانی حقوق، خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور جنسی برابری کے لیے غیر معمولی جرات، حوصلے اور لیڈرشپ کا مظاہرہ کرتی ہیں۔2007 سے اب تک 80 ممالک کی 180 خواتین کو یہ ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔ دنیا بھر کے ممالک میں موجود امریکی سفارت خانے ہر ملک سے ایک خاتون کو نامزد کرتے ہیں۔ اس کے بعد امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ امیدوار کا انتخاب کر کے منظوری دیتا ہے۔
35سالہ ڈاکٹر زکریا حکمت بھی ان 11 خواتین میں شامل ہیں جنہیں ایوارڈ دیا جائے گا۔
ڈاکٹر زکریا حکمت طالبان کے گزشتہ دورِ حکومت میں ملک سے فرار ہو کر ترکیہ پہنچی تھیں جہاں انہوں نے سکالرشپ میڈیسن کی ڈگری حاصل کی اور ڈاکٹر بن گئیں۔
انہوں نے وہاں 2014 میں ’افغان رفیوجیز سولیڈیرٹی ایسوسی ایشن‘ کی بنیاد رکھی جہاں بہت سے افغان پناہ گزینوں نے پناہ حاصل کی۔اس وقت سے ڈاکٹر زکریا حکمت ترکیہ میں افغان پناہ گزینوں خصوصاً خواتین، لڑکیوں اور اقلیتوں کی ترکیہ میں تحفظ اور پناہ لینے کے لیے مدد کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر زکریا حکمت کے علاوہ ارجنٹائن سے البا روئیڈا،سنٹرل افریقن ری پبلک سے پروفیسر ڈینیئل ڈارلان،کوسٹا ریکا سے ڈورس ریوس،
ایتھوپیا سے میزا محمد، اردن سے حدیل عبدالعزیز، قازقستان سےباخیتزان تورگوزینا، ملائیشیا سے سینیٹر داتوک راس ادیبہ ردزی ، منگولیا سے بریگیڈیئر جنرل بولور گانبولڈ ،پولینڈ سے مسز بیانکا زیلیوسکا،یوکرین سے مسز یولیا پائیویسکاشامل ہیں ۔