حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے: عثمان بزدار

Mar 08, 2022 | 11:25 AM

admin
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، اللہ تعالیٰ نے ماں، بیٹی اور بہن جیسے عظیم اور خوبصورت رشتوں کا امین بنا کر عورت کو تقدس و احترام دیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی خواتین با صلاحیت، محنتی اورتعلیم یافتہ ہیں، انہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پاکستان کے انتظامی اور دفاعی اداروں میں بھی خواتین کا بھرپور کردار قابل ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا، موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انکا کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے خواتین کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے برابری کے مواقع دیئے ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ 5فیصد بے بڑھا کر 15فیصد کیا گیا ہے، خواتین کیلئے ملازمتوں میں عمر کی حد میں مزید 3سال کی رعایت دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کا عالمی دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے، یہ دن ملک کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کرنے والی خواتین کو مزید آگے بڑھنے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
مزیدخبریں