ایک نیوز :آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کی نشست ایل اے15ے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔
غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کےضیاءالقمر 22ہزار 35 ووٹ کےساتھ کامیاب ہوگئے،مسلم لیگ ن کےمشتاق احمد منہاس 16ہزار271ووٹ حاصل کرسکےجبکہ تحریک انصاف کےامیدوارراجہ ضمیر تیسرے نمبر پر رہے۔
اس سے پہلے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نشست ایل اے پندرہ پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ صبح 8 سے شام پانچ بجے تک جاری رہی ، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کردیے گئےجبکہ پولنگ اسٹیشن میں موجود افراد ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی، اور پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیاگیا۔
اس ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پرکل18 امیدواروں نے حصہ لیا۔ حلقے میں 22 پولنگ اسٹیشن کو حساس ترین قراردیا گیا تھا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ایل اے پندرہ کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی پر دھاندلی کے الزامات عائد کر دیئے۔
ن لیگ کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کے لوگ دھاندلی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
خیال رہے کہ یہ نشست سابق وزیراعظم سردارتنویر الیاس کی نااہلی کے نتیجےمیں خالی ہوئی تھی،مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے درميان کانٹے کامقابلا ہے۔
سردار تنویر الیاس کو رواں سال اپریل میں آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان توہین عدالت کیس میں عہدے سے نااہل کردیا تھا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو فوری طور پرسردار تنویر کی اسمبلی ممبر شپ ختم کرنے اور نا اہلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ کی سربراہی میں قائم فل کورٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی عدلیہ مخالف تقاریر پر فیصلہ سنا دیا اور انکی نااہلی کی سزا سنائی۔
وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی حلقے ایل اے 15 میں ضمنی انتخابات جیتنے پر پارٹی رہنما ضیاء القمر کو مبارکباد دی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی اور ملتان کے بعد آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات میں بھی تیر چل گیا۔ انتخابی مہم میں حصہ لینے والے کارکنان کو شاباش بھی دی ۔ میں ضلع باغ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جیالے امیدوار کو کامیاب کروایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی کراچی سے کشمیر تک انتخابی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام کا ہماری پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔