ایک نیوز : بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے16ہزار آپریشنز کرنیوالے معروف کارڈیالوجسٹ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گجرات کے شہر جام نگر کے رہائشی 41 سالہ ڈاکٹر گوروو گاندھی رات کو سوتے میں دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر گوروو گاندھی کی یوں اچانک موت پر ان کے دوست احباب سمیت اسپتال گہرے صدمے میں ہے، آنجہانی ڈاکٹر کا شمار بہترین کارڈیالوجسٹس میں ہوتا تھا اور ان کی عمر اتنی زیادہ نہیں تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گورووگاندھی کی موت معمول کا دن گزارنے کے بعد نیند میں ہوئی، وہ معمول کے مطابق پیر کی شب تمام مریضوں کو دیکھنے کے بعد اسپتال سے گھر چلے گئے۔
گوروو گاندھی کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ کھانا کھاتے ہی سوگئے تھے، ان کے مزاج میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں دیکھا گیا، نہ ہی ایسا محسوس ہوا کہ وہ کسی تکلیف میں مبتلا ہیں، اس کے علاوہ وہ صحت مند بھی تھے، تاہم اگلی صبح وہ نیند سے جاگے ہی نہیں، صبح 6 بجے کے قریب جب انہیں اٹھایا گیا تو وہ بے سُدھ پڑے تھے، اہلخانہ نے انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق گووروو گاندھی کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر گاندھی نے اپنے طبی کیرئیر میں 16 ہزار سے زیادہ دل کی سرجریز کیں جو کامیاب رہیں۔