ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 14 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بلوچستان میں قتل ہونیوالے وکیل کے کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کی 14 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور انہیں 2ہفتے میں متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کوئٹہ وکیل کے قتل کے مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔
حفاظتی ضمانت کی درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی،وکیل عبد الرزاق شر کے قتل کے مقدمہ میں عمران خان کو کل نامزد کیا گیا تھا۔