ایک نیوز: سینئر صحافی ارشد شریف شہید کی والدہ نے چیئر مین پی ٹی آئی، فیصل واوڈا ، مراد سعید ، سلمان اقبال ، اور عمران ریاض کو شامل تفتیش کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان لوگوں نے کچھ لوگوں پر الزامات لگائے ہیں گویا ان کو قاتلوں کا علم ہے ۔ درخواست میں والدہ اشرف شریف شہید کا مزید کہنا ہے کہ مقدمہ کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اقدام کو سراہتی ہوں۔ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائے کئی افراد نے ارشد شریف کے قتل کی سازش بارے جاننے کا دعوی کیا ہے ہمیں نہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی رپورٹ اور نہ جے آئی ٹی رپورٹ فراہم کی گئی۔ اس لئے سپریم کورٹ جے ائی ٹی سربراہ کو پانچ افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دے اور جے ائی ٹی کی رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دے۔
یادرہے یہ درخواست سابق جسٹس شوکت صدیقی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی ہے.
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ 13 جون کو سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، وزارت خارجہ اور جے آئی ٹی کو نوٹس جاری کردیے۔اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس میں گواہوں کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے صورتحال پر معاونت طلب کر لی۔