ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت شروع ہوئی تو چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ ہمیں سماعت ملتوی کرنے پر کوئی اعتراض نہیں،الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر حکم امتناع خارج کیا جائے، اس کیس کو 6ماہ گزر چکے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہو سکی،ٹرائل کورٹ کو کیس کی کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دی جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نےکہا کہ آئندہ جمعرات کو سماعت کر کے دلائل سن لئے جائیں۔اسی طرح کا ایک اور کیس ہے ڈیڑھ سال سے یہ وہاں نہیں گئے۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ یہ سابق چیف ایگزیکٹو کے خلاف کیس ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کےچیف جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ صرف قانونی نکات پر دلائل دیں۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔