وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وزرائے اعلی نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ملک گیر اقدامات پر وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے اصولی اتفاق کرلیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت این ای سی کے اجلاس میں اہم مشاورت مکمل کرلی گئی جس میں تمام وزرائے اعلی نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک گیر اقدامات پر وفاقی کابینہ کےفیصلوں کی تائید کی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں صوبہ سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ، پنجاب کے وزیراعلی حمزہ شہباز اور بلوچستان کے وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے قومی حکمت عملی پر وزرا اعلی سے اہم مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 7 جون 2022 کے اجلاس میں توانائی کی بچت کے حوالے سے تجاویز اور فیصلوں سے متعلق صوبائی وزرا اعلی کو آگاہ کیاگیا۔
چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا ۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرا اعلی نے دودن کی مہلت مانگی تاکہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں تجارتی وکارباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کریں اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کی۔ وزرا اعلی نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔