پرانی دشمنی کا شاخسانہ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 کار سوار جاں بحق

Jun 08, 2022 | 14:36 PM

muhammad zeeshan
ایک نیوز نیوز: پرانی دشمی کا شاخسانہ، لاہور سے گوجرانوالہ جانے والے کارسواروں پر ملزمان کی فائرنگ، 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے.
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کار میں سوار 4 افراد لاہور سے گوجرانوالہ کی طرف جا رہے تھے کہ اتحاد کیمیکل کے پاس نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کر کے چاروں افراد کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق بٹ فیملی سے ہے، جو مقامی عدالت سے اپنی پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے۔ مقتولین کی شناخت قاسم، عاصم بٹ، عاقل بٹ اور خالد کے ناموں سے کی گئی ہے، جو مرید کے کے رہائشی تھے۔

پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ قصائی اور بٹ گروپ کے درمیان دشمنی پر پہلے بھی کئی افراد قتل ہوچکے ہیں۔ بٹ گروپ کے 26 اور قصائی گروپ کے پانچ افراد اس دشمنی کے باعث قتل ہوئے۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کالا شاہ کاکو کے قریب کار پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی .
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے.جاں بحق افراد کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے. زخمی خاتون کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں.
واقعہ پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی جانب سے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ جب کہ سینئر افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



مزیدخبریں