وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے نو منتخب صدر کو مبارکباد 

Jul 08, 2024 | 23:11 PM

ایک  نیوز:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور حال ہی میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔

وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمہوری عمل کے ذریعے نئے صدر کے انتخاب پر انہیں اور ایران کے برادر عوام کو مبارکباد پیش  کی ہے۔ 

ایران کے نو منتخب صدر کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،وہ پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپریل 2024 میں مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر لیے گئے فیصلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی شراکت داری کی ایک بہترین بنیاد رکھی تھی۔ 

نومنتخب صدر پیزشکیان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مبارکباد پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امور پر بھی تبادلہء خیال کیا اور قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، یہ ٹیلی فونک گفتگو پاکستان اور ایران کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ 

مزیدخبریں