ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے چودھری پرویزالہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں کہا گیا چودھری پرویز الہٰی عمرے پر جانا چاہتے ہیں مگر اینٹی کرپشن کی تجویز پر ان کا نام پی سی ایل میں شامل ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک فیصلے کے مطابق کسی شخص کا نام پی سی ایل میں شامل کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی منظوری لازمی ہے، فریقین نے ایسا کوئی مواد پیش نہیں کیا جس سے ثابت ہو سکے کہ درخواستگزار کا نام پی سی ایل میں شامل کرنے کیلئے حکومت کی منظوری لی گئی ہو۔
فیصلے میں کہا گیا درخواستگزار کا بیرون ملک سفر کرنے کا بنیادی حق انتظامی رولز کے ذریعے سلب نہیں کیا جا سکتا، چودھری پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا عمل غیر قانونی ہے۔
عدالت نے فیصلے میں حکم دیا کہ چودھری پرویزالہٰی کو فوراً بغیر کسی رکاوٹ کے سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے، چودھری پرویز الہٰی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے۔