ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز دینے کے منصوبے کی اصولی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوام کو سولر پینلز کی فراہمی کے ’روشن گھرانہ‘ پروگرام کی منظوری کے لئے کل کابینہ اجلاس بلالیا ہے،پنجاب کابینہ سولر پینلز کی فراہمی کے منصوبے کی کل باضابطہ منظوری دے گی ،پنجاب حکومت50 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سولر سسٹم فراہم کرے گی، سولر پینل کی لاگت کا 90 فیصد پنجاب حکومت اداکرے گی ، 10 فیصد صارف دے گا ۔
سولر پینل 5سال کی آسان اقساط پر صارفین کو فراہم کیے جائیں گے ،سردیوں میں سولر پینل کی قسط نسبتاً کم ہوگی، پینل صرف حکومت دے گی ،صارف کی ضرورت کے مطابق سرکاری بجلی اور سولر پینل سے حاصل ہونےو الی بجلی کے درمیان شرح کا تعین بھی ہوسکے گا، بجلی کی لاگت میں اضافے اور توانائی کے بحران کے پیش نظر ’روشن گھرانہ‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، شفاف طریقہ کار کے مطابق پہلے مرحلے میں غریب ترین گھرانوں کو سولرسسٹم دئیے جائیں گے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ماضی کی تباہی کے اثرات سے عوام کو بچانے کی کوششیں کررہے ہیں، 5سال بعد عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا ۔