کینیا عدالت: ارشد شریف کا قتل ماورائے آئین قرار،اہلخانہ کو 2کروڑ روپے دینے کا حکم

Jul 08, 2024 | 15:29 PM

 غیرملکی میڈیا کے مطابق کینیا کی ہائی کورٹ نے پولیس سے ارشد شریف کے قتل کو ماورائے آئین قرار دے دیا، عدالت نے ارشد شریف کی فیملی کو ایک کروڑ کینیا شلنگ دینے کا بھی حکم دیا ہے۔
ایک کروڑ کینیا شلنگ پاکستانی 2کروڑ 17لاکھ روپے بنتے ہیں،کیس میں عدالت نے پولیس ڈپارٹمنٹ کے قتل میں ملوث دو اہلکاروں پر مقدمہ نہ چلانے پر بھی تنقید کی ہے۔
 غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عدالت نے پولیس کو ملزمان کی تحقیقات فوری مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں,کینین ہائیکورٹ نےگولی چلانے والے پولیس افسر کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

  عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست میں جن حکومتی اداروں کا نام لیاگیا وہ اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار نہیں کرسکتے۔

خیال  رہے کہ 23 اکتوبر 2022 کو کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر پولیس نے ارشد شریف کو سر پر گولی مار کر قتل کیا تھا، بعدازاں کینیا کی پولیس کیجانب سے واقعہ غلط شناخت قرار دیا گیا تاہم ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات میں کینیا پولیس کے مؤقف میں تضاد پایا گیا تھا۔ 

دوسری جانب کینیا کی ہائیکورٹ میں ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق کیس جیت گئی، جویریہ صدیق کا فیصلے کے بعد ویڈیو   پیغام میں کہنا تھا کہ میں نے کینیا میں ارشد شریف کا مقدمہ جیت لیا ہے،میرے ساتھ کوئی بھی نہیں کھڑا تھا،میں نے اس چار دیواری سے جدوجہد شروع کی تھی،مجھے پتا ہے میں ارشد کو واپس نہیں لا سکتی۔
 جویریہ صدیق نے کہا کہ یہ کرنا ضروری تھا تاکہ ایک مثال قائم ہو سکے کہ صحافیوں کو ایسے ہراساں نہیں کیا جا سکتا،ارشد کو کینیا میں انصاف دلوا لیا ہے لیکن پاکستان میں انصاف دلوانا باقی ہے۔
جسٹس سٹیلا موٹوکو نے ارشد شریف پر فائرنگ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غیرقانونی قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں