ایک نیوز: برہان وانی کی 8ویں برسی آج منائی جارہی ہے، تحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے والے بہادر کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کو 8 سال مکمل ہوگئے۔
برہان وانی کے 8 ویں یوم شہادت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈائون ہے، برہان وانی 19 ستمبر 1994ء کو پلوامہ کے گائوں دداسر میں پیدا ہوئے، برہان وانی ڈاکٹر بننا چاہتے تھے، آٹھویں جماعت سے لیکر ہر کلاس تک 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرتے رہے، 2010ء میں قابض بھارتی فوج کے اہلکاروں نے رشوت کے طور پر سگریٹ نہ دینے پر برہان وانی کو کزن سمیت شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
تشدد اور بعد ازاں پولیس کی مسلسل ہراسگی سے تنگ آکر 16 سال کی عمر میں حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی، برہان وانی نے سوشل میڈیا کے بے باک اور منفرد استعمال سے بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو متاثر کیا، 13 اپریل 2015ء کو بھارتی فوج نے برہانی وانی کے بھائی کو حراست کے دوران شدید تشدد کرکے شہید کردیا ۔
برہان وانی نے بے پناہ مقبولیت، حربی مہارت اور گوریلا جنگ میں نت نئے طریقوں سے قابض بھارتی افواج کو ناکوں چنے چبوائے ،اگست 2015ء میں مودی سرکار نے برہان وانی کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کردی، برہان وانی کو 8جولائی 2016 کو بھارتی فوج نے کوکرنگ میں شہید کردیا ۔
برہان وانی کے جنازے میں 2 لاکھ سے زائد کشمیریوں نے شرکت کی ، برہان وانی کی شہادت کے بعد وادی کشمیر میں وسیع پیمانے پر ہنگامے پھوٹ پڑے، 53 روزہ کرفیو کے باوجود پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں 100 سے زائد کشمیری نوجوان شہید ہوئے۔
برہان وانی اپنی لازوال کاوشوں، نڈر اور بے باک طرز زندگی اور تحریک آزادی کے جذبے کے باعث نوجوان کشمیر نسل کیلئے ہیرو کا مقام رکھتے ہیں۔