غزہ جنگ کو 9 ماہ مکمل: عسکری قوت مضبوط، دشمن کو ہر محاذ پر نقصان پہنچارہے ہیں، ابو عبیدہ

غزہ جنگ کو 9 ماہ مکمل: عسکری قوت مضبوط، دشمن کو ہر محاذ پر نقصان پہنچارہے ہیں، ابو عبیدہ
کیپشن: Gaza war completes 9 months: military forces are strong, they are harming the enemy on all fronts, Abu Obaidah

 ویب  ڈیسک:غزہ جنگ کو 9 ماہ مکمل ہونے پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ 

اپنے ویڈیو بیان میں ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ القسام بریگیڈز کی عسکری قوت مضبوط ہے اور وہ ہر محاذپر دشمن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ابو عبیدہ نے کہا کہ ’معرکہ طوفان الاقصیٰ‘ صیہونی مظالم کا ردعمل ہے۔

ویڈیو بیان میں ابوعبیدہ نے کہا کہ مغربی کنارے، القدس اور غزہ کی پٹی میں قابض افواج کے جرائم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں، وہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہی ہے اور اسپتالوں، اسکولوں، مساجد اور گرجا گھروں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمت کار گزشتہ 9 ماہ سے کسی بھی بیرونی مدد کے بغیر اُس دشمن کا مقابلہ کررہے ہیں جسے امریکا اور برطانیہ کی حمایت حاصل ہے۔

ابوعبیدہ نے کہا کہ القسام بریگیڈز کی تمام 24 بریگیڈز اور دیگر تمام مزاحمتی گروہ دشمن کا مقابلہ کررہے ہیں اور پورے غزہ میں دشمن کو نقصان پہنچارہے ہیں۔

ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ القسام بریگیڈز کی عسکری قوت مضبوط ہے اور جنگ کے دوران بھی ہزاروں مزاحمت کار اس میں شامل ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں اب تک کم از کم 38 ہزار 153 افراد شہید ہوچکے ہیں، 87 ہزار 828 افراد زخمی ہیں جبکہ 10 ہزار افراد لاپتا ہیں۔