لاہورسمیت پنجاب بھر میں مسلسل بارش،چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سےمتعدد ہلاک

لاہورسمیت پنجاب بھر میں مسلسل بارش،چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سےمتعدد ہلاک
کیپشن: لاہورسمیت پنجاب بھر میں مسلسل بارش،چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سےمتعدد ہلاک

ایک نیوز: صوبائی دارالحکومت لاہور  سمیت  پنجاب بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،چھتیں گرنے اور کرنٹ لگے سے متعدد جاں بحق درجنوں زخمی ہوگئے ہیں،اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں،کہروڑپکا میں جھاڑ نہر میں 60 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔

 تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل  خوب رنگ جما رہا ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا. زندہ دلوں کے شہر  لاہور میں گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جیل روڈ ، مال روڈ ، باگڑیاں ،ہمدرد چوک میں بارش تاحال جاری ہے، فیروزپور روڈ ،کچا جیل روڈ ، کوٹ لکھپت میں  بھی بارش  نے سماں باندھ دیا ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ 

احمدپورشرقیہ،شاہ کوٹ،اوکاڑہ اور اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

جلالپوربھٹیاں،حبیب آباد،عارف والا،پاکپتن،گیمبر،قصور،میکلوڈگنج،منڈی صادق گنج،حجرہ شاہ مقیم اور اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش سے شہر کی سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگ گئیں ہیں،بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

منچن آباد ،نارووال،کمالیہ،حویلی لکھا،شکرگڑھ،کرتار پور،نورکوٹ،سکھوچک،چشتیاں اور  اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،مون سون کی بارش سے پورا شہر ڈوب گیا،قصور میں بارش کا پانی گھروں اور مساجد میں بھی داخل ہو گیا،بستی ونیکاں میں جامع مسجد صدیق اکبر کے اندر پانی داخل،مسجد بارش کے پانی سے بھر گئی، کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا،نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث پورا شہر ڈوب گیا ، انتظامیہ بے بس نظرآرہی ہے۔

قصور شہر و گردونواح میں بارش کے باعث ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے  نالوں کی بروقت صفائی نہ کروانے سے شہر کے متعدد علاقے پانی  میں ڈوب گئے،کئی فٹ تک پانی کھڑا ہونے  سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ریسکیو 1122 نےتعلیمی اداروں میں پھنسی خواتین کو امداد دے کر سکولوں سے باہر نکالا۔

 

 ڈونگہ بونگہ  شہر اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا موسم خوشگوار ہوگیا،بارش کے باعث  مین بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا،سیوریج سسٹم چوک ہوگیا جس کی وجہ سے پانی کی نکاسی متاثر ہوئی ہے۔

بارشوں کا موجودہ سلسلہ اس وقت مشرقی پنجاب کے علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے ۔ دوپہر کے بعد مزید بادلوں کی ڈویلپمنٹ کا امکان ہے جس سے جنوبی پنجاب سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات تک بارش کا امکان ہے۔

دریائےستلج کی سطح بڑھنے لگی

بھارت و پاکستان میں مون سون بارشوں سے دریائے ستلج کی سطح مزید بڑھنے لگی،2دن میں ستلج کی سطح 2گنا بڑھ کر 10 فٹ تک پہنچ گئی،ستلج کے پانی کا بہاؤ 400 کیوسک تک پہنچ گیا،گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ میں مسلسل تیزی آ رہی ہے۔ 

ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے،پی۔ڈی۔ایم اے نے سیلاب کے حوالے سے وراننگ جاری کی ہے۔لمحہ بہ لمحہ ستلج کی صورتحال پر نظر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان  ہے،اسلام آباد میں موسلا دھار بارش،ژالہ باری کی بھی توقع ہے،کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، خطۂ پوٹھوہار ، شما ل مشرقی پنجاب،مشرقی/ شما ل مشرقی بلوچستان اورسندھ ،شمال مشرقی پنجاب میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ،برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے جبکہ تربت 44 ، شہید بینظیرآباد اور سبی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا ہے۔

 ننکانہ صاحب کے گردونواح میں مون سون کی بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بار ش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔اوکاڑہ میں بارش کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ، موسم خوشگوار ہوگیا،ملتان شہر اور اس کے گردونواح میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، ہلکی بارش سے موسم خوشگوار وہ گیا ہے۔

کرنٹ لگنے سےجاں بحق افراد

لاہور میں بارش کے پانی  میں بجلی کی تار گرنے سے کرنٹ لگنے سےجاں بحق نوجوان کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک کر دیا،لواحقین نے الزام لگایا ہےکہ بجلی کی تار پانی میں گرنے کے بعد 11 بار واپڈا کو شکایت کی لیکن کوئی نہ پہنچا، 25 سالہ  مطلوب حسین کے لواحقین اور اہل محلہ نے قصور بائی پاس روڈ پر نعش رکھ کر واپڈا اور سی او  یونٹ رائے ونڈ کے  خلاف احتجاج شروع کر دیا،سینکڑوں مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

میاں چنوں کے نواحی گاؤں  7 ایٹ آر میں ٹرالر پر کھڑا نوجوان بجلی کے تاروں سے چھو جانے سے بری طرح جھلس گیا،ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی، متاثرہ نوجوان کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اوکاڑہ  میں چھت گرنےسے ایک شخص ہلاک

اوکاڑہ کے نواحی علاقے ترسانگی میں بارش سے مکان کی چھت گرگئی،چھت گرنے سے محنت کش جاں بحق ہوگیا،متوفی کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔

چھتیں گرنے کے 2 افسوسناک واقعات

ترجمان ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کابروقت رسپانس، تمام جگہوں پر ٹیمیں موجود، زخمی کو بروقت ہسپتال منتقل کردیا گیا،اظہر ٹاؤن، نشتر میں چھت گرنے سے 4افراد زخمی ہوئے۔تمام زخمیوں کو بروقت لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ شیخ شادی ہال شاہدرہ میں چھت گرنے سے 5افراد زخمی ہوئے۔  4افراد ابتدائی طبی امداد سے ٹھیک اور  ایک زخمی کو شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔بستی امین پورہ، رائے ونڈ روڈ پر بجلی کا تار گرنے سے ایک شخص کی افسوسناک موت ہوئی۔ریسکیو سمیت ادارے ہائی الرٹ ہیں، کسی بھی حادثے کی صورت میں فورا رسپانس دیا جا رہا ہے۔

نہر میں 60 فٹ چوڑا شگاف

کہروڑپکا میں موسلادھار بارشوں کے بعد طغیانی آنے سے جھاڑ نہر میں 60 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔ پانی اردگرد کی آبادی ، قبرستان اور فصلوں میں داخل ہوگیا۔

ریسکیو کے مطابق جھاڑ نہر میں پڑنے والا شگاف 60 فٹ چوڑا ہے۔ ریسکیو پولیس اور ضلعی انتظامیہ مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر شگاف کو پر کرنے میں مصروف ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر اشرف صالح امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہےہیں۔ انتظامیہ کے مطابق نہر کا پانی رکوا دیا گیا ہے اور جلد شگاف کو پر کرلیا جائے گا۔

جوہر ٹاؤن کےقریب سڑک کنارے 25 فٹ گہراشگاف 

لاہور میں مسلسل بارش سے جوہر ٹاؤن کے علاقہ شادی وال چوک کے قریب سڑک کنارے 25 فٹ گہرا اور 8 فٹ گہرا شگاف پڑ گیا۔ شگاف پڑنے سے مین روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ٹریفک کو سروس روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔ اے سی رائے ونڈ اور دیگر متعلقہ افسران موقع پر پہنچ گیے ۔اے سی رائے ونڈ خرم حمید کا کہنا ہے کہ آج رات تک شگاف پر کردیا جائے گا اور ٹریفک بحال کردی جائے گی۔

لاہور پیکو روڈ پر 20فٹ گہراشگاف 

لاہور سڑک پر 20فٹ گہرا اور 10فٹ چوڑا شگاف کو کرین کی مدد سے ٹھیک کیا جارہا ہے،سڑک پر گڑھا پڑ جانے کی وجہ سے روڈ ٹریفک کیلئے بندکردی گئی ہے، واسا کی جانب  سے امدادی کام جاری ہے،روڈ کی مکمل بحالی کیلئے 2سے 3دن لگ سکتے ہیں۔

 معاون خصوصی برائے قانون کنور دلشاد کانالہ لئی کا دورہ 

راولپنڈی میں وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون کنور دلشاد نے آج نالہ لئی کا دورہ کیا،کنور دلشاد نالہ لئی گوالمنڈی کے مقام پر صفائی آپریشن اور انتظامات کا جائزہ لیا،کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا بھی ہمراہ تھے،متعلقہ اداروں کے افسران کنور دلشاد کو مون سون سے قبل کیئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

واسا لاہور کی طرف سےاب تک کا بارش کاریکارڈ جاری
 اب تک جیل روڈ پر 24 ملی میٹر، ایئرپورٹ29 ملی میٹر ہیڈ آفس گلبرگ 18لکشمی چوک 55اپر مال 14مغلپورہ 14 تاجپورہ 27نشتر ٹاون  94چوک نا خدا5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔  اس کے علاوہ پانی والا تالاب 13فرخ آباد 12 گلشن راوی  50اقبال ٹاون  41سمن آباد 23جوہر ٹاون 90ملی میٹر قرطبہ چوک 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ بارش 94ملی میٹر نشتر ٹاون میں ریکارڈ کی گئی۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام ڈائریکٹرز کو جلد نکاسی آب ممکن بنانے کی ہدایات دے دیں۔

ہسپتالوں میں پانی داخل،مریضوں کیلئے مشکلات

مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی،ہسپتالوں میں پانی داخل ہوگیا،لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔واسا حکام بروقت پہنچ کر پانی نکالنے کا کام شروع کردیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانے درجے  کی بارش کا سلسلہ جاری ہے،واسا اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں موجود ہیں۔

کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ نکاسی آب آپریشن میں مصروف عمل ہیں،لبرٹی میں سکنگ مشینوں کے ذریعے نکاسی آب آپریشن مکمل ہورہا ہے۔پی ایچ اے۔ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کو گرین بیلٹس کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں ہیں۔ورکنگ شروع کیجائے کہ شہر کی تمام گرین بیلٹس سڑکوں اور گھروں کی سطح سے نیچے ہوں۔ 

 

محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار جاری

لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔شہر میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔اب تک سب سے زیادہ نشتر ٹاون میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جوہر ٹاؤن میں 90 ملی میٹر ،لکشمی چوک 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،گلشن راوی 50 ملی میٹر ، اقبال ٹاون 41 ملی میٹر ، ائیر پورٹ 29 ملی میٹر ،جیل روڈ 24 ملی میٹر ، قرطبہ چوک 27 ملی میٹر ، پانی والا تالاب 13 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اپر مال 14 ملی میٹر ، مغلپورہ 14 ملی میٹر ،سمن آباد 23 ملی میٹر ، فرخ آباد 12 ملی میٹر ، تاجپورہ 27 ملی میٹر ،گلبرگ 19 ملی میٹر ، چوک ناخدا 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

 اسکردو میں برفباری شروع

اسکردو کے سیاحتی مقام دیوسائی میں برفباری کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے باعث دیوسائی میں جولائی کے مہینے میں جنوری جیسا موسم ہوگیا ہے۔برفباری کے بعد حسین اور دلفریب تفریحی مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی۔ دیوسائی میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

جولائی میں برفباری نے سیاحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا، دیوسائی میں برفباری سے جولائی میں جنوری جیسا موسم ہوا تو سیاحوں اور مقامی افراد کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیوسائی میں 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے، وادی میں 18سال بعد جولائی میں برفباری ہوئی ہے۔

بارش کے باعث کراچی ائرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حالیہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔ متعدد مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔