ایک نیوز: کراچی میں تعینات کسٹم انفورسمنٹ کے دو افسران لاپتہ ہوگئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ کسٹم انفورسمنٹ سپرنٹنڈنٹ طارق محمود اور یاور عباس، کل رات سے لاپتہ ہیں۔ کسٹمز افسران کے اچانک لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے پولیس سے رابطہ کیا ہے کہ ہمارے افسران لاپتہ ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ معاملے کو تمام پہلوؤں سے دیکھ رہے ہیں۔ یاور عباس اور طارق محمود کے اہلخانہ نے تھانہ ڈیفنس اور گزری سے رابطہ کیا ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پہلے ایک افسر طارق محمود کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی کچھ دیر بعد دوسرے کسٹم افسر کے لاپتہ ہونے کی خبر ملی ہے۔ دونوں افسران کے دفاتر اور رہائش علیحدہ ہیں۔
چیف کلکٹر یعقوب ماکو کا کہنا ہے کہ کسٹم انفورسمنٹ سپرنٹنڈنٹ طارق محمود کے لاپتہ ہونے کا کلکٹر انفورسمنٹ نے بتایا ہے۔ معاملہ کیا ہے کسٹم آفیشل کیوں لاپتہ ہوئے ہیں اسکو دیکھ رہے ہیں جبکہ کسٹم زرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مختلف چھاپوں میں پکڑی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی منشیات مبینہ طور پر عید کی چھٹیوں کے دوران کسٹم ویئر ہاؤس سے غائب کردی گئی ہیں۔