نگران وزیراعلیٰ کا بارش میں مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب کے کام پر اظہار اطمینان

Jul 08, 2023 | 14:05 PM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کے دورے پر نکل پڑے۔ محسن نقوی نے کلمہ چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاؤن، گلبرگ، لبرٹی، جیل روڈ، مزنگ، قرطبہ چوک، شاہراہ فاطمہ جناح اور لارنس روڈ کا معائنہ کیا اور نکاسی آب کا جائزہ لیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے شہر میں نکاسی آب کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے کلمہ چوک انڈرپاس میں نکاسی آب کیلئے زیرتعمیر ڈرین کا معائنہ کیا اور جلد تکمیل کیلئے ہدایات دیں۔ 

محسن نقوی نے انڈرپاس میں نکاسی آب کے کام میں مصروف ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں بروقت پانی نکالنے پر شاباش دی۔ انہوں نے حکم دیا کہ قذافی سٹیڈیم سے لبرٹی تک کی سڑک پر نکاسی آب کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کیلئے انتظامیہ اور واسا متحرک ہیں۔ متعلقہ ٹیم فیلڈ میں موجود ہے اور پوری طرح مستعد ہے۔ سی سی پی او لاہور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں