ایک نیوز: میٹا کے مالک مارک زکر برگ کی جانب سے نئی ایپلیکیشن ’تھریڈز‘ لانچ کی گئی ہے جس نے آتے ہی کروڑوں انٹرنیٹ صارفین کو اپنی طرف راغب کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ صارفین میٹا کی نئی ایپ ’ٹھریڈز‘ کو آتے ہی ایسی غیرمعمولی پزیرائی ملی ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ’تھریڈز‘ ایپ کی سمپسن کارٹون پہلے ہی پیشگوئی کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سمپسن کارٹون میں دکھائے جانے والے کئی واقعات تاحال حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں، یہ کارٹون سیریز 1989ءمیں شروع کی گئی تھی جو کہ تقریباً 30 برسوں سے جاری ہے۔اس کارٹون سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی مختلف اقساط میں کچھ ایسے واقعات پیش کیے گئے ہیں جو آج حقیقی طور پر گاہے بگاہے رونما ہو رہے ہیں۔
اب اِن کارٹون اور میٹا کی نئی ایپ سے متعلق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد پوسٹس زیرِ گردش ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ معروف امریکی کارٹون سیریز، سمپسن میں ’تھریڈز‘ کی بھی پیش گوئی کی گئی تھی۔اس دعوے سے متعلق سمپسن کارٹون کی حالیہ قسط میں اس کارٹون کے مرکزی کردار ’ہومر‘ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں اس کے کان پر میٹا کی نئی ایپ ’تھریڈز‘ جیسا لوگو بنا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کارٹون ہومر کے کان پر بنایا گیا ’تھریڈز‘ ایپ کا لوگو پہلے سے کی گئی کوئی پیش گوئی نہیں بلکہ حال ہی میں تھریڈز کے لانچ ہونے کے بعد ایڈٹ کیا گیا ہے۔