ایک نیوز: لنڈی کوتل کے علاقے زخہ خیل خیبر کے عمائدین نے شادیوں میں موسیقی پر پابندی عائد کردی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کا جنازہ تک نہ پڑھانے کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں علماء نے متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے شادیوں میں خواجہ سراوں اور مقامی فنکاروں کے محفلوں پر مکمل پابندی عائد کردی۔اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق فیصلے کی خلاف ورزی کرنےوالے کا نکاح نہیں پڑھایاجائے گا نہ ہی ایسا کرنے والوں کے خاندان کے کسی بھی فرد کا جنازہ پڑھایا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے خاندان کے ساتھ کوئی ہمدردانہ تعلقات نہیں رکھے جائیں گے۔متفقہ فیصلے میں ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے،اجلاس میں سیاسی رہنماؤں اور بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔