قومی ٹیم آج رات سری لنکا کیلئے روانہ ہو گی

قومی ٹیم آج رات سری لنکا کیلئے روانہ ہو گی

ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم آج رات ساڑھے 10 بجے سری لنکا کیلئےروانہ ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو میچز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں آج رات کولمبو کے لیے روانہ ہوگی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16 جولائی کو گال میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

سری لنکا میں پاکستان ٹیم 2 روزہ وارم اپ میچ ہمبنٹوٹا میں 11 سے 12 جولائی تک کھیلے گی۔دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں لگایا گیا تھا جو کل اختتام پذیر ہوا تھا۔تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی تھی۔ 

دوسری جانب فاسٹ بولنگ کوچ مورنے مورکل آج دبئی میں ٹیم کو جوائن کر کے سری لنکا میں باضابطہ ذمے داریاں سنبھالیں گے۔جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مورنے مورکل ویزا تاخیر سے ملنے کی وجہ سے کراچی میں کیمپ کو جوائن نہیں کر سکے تھے۔