ایک نیوز: نگراں کابینہ نے پنجاب میں گاڑیوں ،موٹر سائیکلز کی ملکیت تبدیلی کی فیس میں بڑا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ1501 سے 2 ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں کمی کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں 19 سال کے بعد اضافہ کیا گیا ہے۔ موٹر سائیکل،اسکوٹر کی ٹرانسفر فیس150 روپے سے بڑھا کر500 روپے کردی گئی ہے اور ایک ہزار سی سی تک کی گاڑی کی ٹرانسفر فیس1200 سے بڑھا کر2500 روپے کردی گئی ہے۔ 1001 سی سی سے1800 سی سی تک ٹرانسفر فیس2 ہزار سے بڑھا کر5 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
1800 سی سی سے زیادہ ہارس پاور کی گاڑیوں کی ملکیت تبدیلی فیس3 ہزار سے بڑھا کر10ہزار روپے کردی گئی ہے۔حکومت نے 1501 سی سی سے2 ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کردی ہے جس کے نتیجہ میں1501 سی سی سے2 ہزار سی سی تک کی گاڑی کی رجسٹریشن پر فیس کو3 فیصد سے کم کر کے2 فیصد کردیا گیا ہے۔
نگران کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کے موٹر وہیکل ٹیکس میں دی گئی 95 فیصد رعایت کی مدت میں30 جون 2025 تک توسیع کردی ہے۔2001 سی سی اورا س سے زائد پاور کی گاڑیوں کی نیو رجسٹریشن پرنئے ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ کردیا گیا ہے ۔ محکمہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس وصولی کیلئے فی سیٹ کا نظام ختم کردیا ہے جس کے بعدتمام وہیکلز پرہارس پاور کی بنیاد پر ٹوکن ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔