برہان وانی کی 7ویں برسی: مقبوضہ کشمیر میں شٹرڈاؤن ہڑتال

برہان وانی کی 7ویں برسی: مقبوضہ کشمیر میں شٹرڈاؤن ہڑتال
کیپشن: Burhan Wani's 7th Anniversary: ​​Shutterdown Strike in Occupied Kashmir

ایک نیوز: تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو برہان مظفر وانی کی آج ساتویں برسی منائی جارہی ہے۔ نوجوان حریت پسند کی شہادت کے بعد بھی بھارت تمام تر مظالم، بدترین تشدد اور قتل و غارت کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت دبانے میں بری طرح ناکام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق برہان مظفر وانی وہ جواں سال مجاہد جس نے چند برسوں کے اندر تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی۔ برہان وانی کی شہادت کو 7 سال بیت گئے مگر بھارتی غاصب افواج تمام تر جبرو ستم ، قتل و غارت، تشدد اور جبرکے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود اُس کی جلائی ہوئی چنگاری کو نہ بجھا سکی۔ مقبوضہ وادی میں آج شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔

حریت رہنماکہتے ہیں ابھی تو یہ تحریک مزید زور پکڑے گی۔ حمید لون نے کہا کہ برہان وانی تحریک آزادی کشمیر کا ایک ایسا سمبل تھا کہ جنہوں نے نوجوانوں کے دلوں کے اندرگھرکیا اس جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت نے جو ہتھکنڈے اور حربے آزمائے،ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے، اس کے باوجود کشمیری نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں برہان مظفر وانی کے مشن کو کسی بھی صورت ادھورا نہیں چھوڑ سکتے۔

حریت رہنما محمد شفیع ڈار نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے فاشسٹ بھارت کے چہرے سے نام نہاد جمہوریت کا نقاب نوچ دیا ہے،برہان مظفر وانی کی شہادت جو ہے اس نے ہندوستان کی جمہوریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا دنیا مین ظلم زیادہ دیر تک نہیں رہتا ہندوستان ایک فسطائی ملک بن گیا ہے اور دنیا کو باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ نہیں میں ایک جمہوری راہ پر ہوں یہ سب دھوکا ہے۔

بھارت نے برہان وانی سمیت ہزاروں آزادی پسندوں کو شہید تو کر دیا مگر کشمیریوں کے جذبہ آزادی پر نہ تو کوئی فرق پڑا نہ ہی تحریک کسی طرح کمزور پڑی۔