ایک نیوز:ہرے مصالحے میں شمار کیا جانے والا لہسن ہر گھر کے کچن میں پایا جاتا ہے، اس کے مجموعی صحت پر بے شمار طبی فوائد ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ’ ہیلتھ لائن ‘ کے مطابق ماہر غذائیت جو لیچ کا کہنا ہے کہ دواؤں میں استعمال ہونے والے کیمیائی اجزاء قدرتی طور پر لہسن میں پائے جاتے ہیں، لہسن میں 2 فیصد میگنیز ، 2 فیصد وٹامن بی، 1 فیصد وٹامن سی، 1 فیصد سلینیم کے ساتھ ساتھ اس میں فائبر بھی پایا جاتا ہے۔
جو لیچ کا کہنا ہے کہ لہسن میں بہترین غذائیت پائے جانے کے ساتھ اس میں کیلوریز صفر ہوتی ہے، لہسن میں کیلشیم، کوپر، پوٹاشیم، فاسفورس سمیت آئرن بھی موجود ہوتا ہے۔
لہسن کے استعمال سے صحت پر آنے والے حیرت انگیز اثرات:
لہسن کو اگر شہد میں ملا کر استعمال کیا جائے تو یہ ایک بہترین دوا کی صورت اختیار کر لیتا ہے، نہار منہ کھانے سے وزن میں واضح کمی ، نزلہ زکام اور سردی سے محفوظ رکھتا ہے، اس کے نہار منہ استعمال سے انسانی جسم میں مضر صحت مادہ صاف ہو جاتا ہے۔
لہسن کے استعمال سے شریانوں میں چربی جمنے کے عمل کو روکنے میں مدد ملتی ہے، خون کو صاف کرنے والے اجزاء رکھنے والا لہسن دل کی بھر پور حفاظت کرتا ہے، اس کے روزانہ استعمال سے کولیسٹرول کی سطح متوازن رہتی ہے۔
7000 سال قبل سے دوا کے طور پر استعمال ہونے والے لہسن کے طبی فوائد سے آج کے ماہر غذائیت بھی قائل ہیں، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ ، اینٹی سیپٹک اور اینٹی بیکٹیریل جز انسانی جسم کو ہر قسم کے موسمی یا فنگل انفیکشن اور الرجی سے بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لہسن سے بچوں کے پیٹ میں موجود کیڑوں کا بھی علاج کیا جاتا ہے۔
متعدد تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ لہسن کے روزانہ استعمال سے معدے اور آنتوں کے کینسر سے تحفظ ممکن ہے، لہسن کا استعمال قوت مدافعت میں اضافہ کرنے کا سبب بھی بنتا ہے۔
لہسن کا استعمال چہرے پر آنے والے عمر کے اثرات کا عمل روکتا ہے، جلد کی بیماریوں کیلئے بہترین ٹانک ہے، لہسن کو پیس کر اگر بالوں کی جڑوں میں مساج کیا جائے تو اس کے حیران کن فوا ئد ہیں، یہ عمل خون کی گردش تیز کرتا ہے جس سے بال گرنا ، ٹوٹنا بند ہو جاتے ہیں اور بالوں میں چمک اور مضبوطی آتی ہے۔
اگر ہاتھ یا پاؤں میں تنکا، کانچ چبھ گیا ہے تو لہسن کو کاٹ کر زخم پر رکھ کر پٹی باندھ لینے سے جلد میں پیوست کانٹا خود باہر آ جاتا ہے۔
احتیاطی تدابیر
دمے کے مریض براہ راست لہسن کے استعمال سے اجتنا ب کریں۔
کسی بھی قسم کی سرجری سے پہلے لہسن کا استعمال کرنا ممنوع ہے، اس کے استعمال سے نشہ آور ادویات کا اثر ضائع ہو جاتا ہے۔
ایک دن میں 2 یا 3 سے زیادہ لہسن کے جوے استعمال نہیں کرنے چاہئے۔
روزانہ لہسن کااستعمال، صحت مندزندگی کی مثال
Jul 08, 2023 | 07:00 AM