ایک نیوز: بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کی تاریخ ساز کامیابی کے بعد فلمی شائقین بے تابی سے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی اگلی فلم ’جوان‘ کی ریلیز کا انتظار کررہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ’جوان‘ کی ریلیز کیلئے پہلے رواں برس 2 جون کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن بعد میں اسے تبدیل کرکے ریلیز کی تاریخ 7 ستمبر کردی گئی اور اب یہ خبر آئی ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم کو ہالی وڈ بلاک بسٹر کے سیکوئیل کا سامنا ہوگا۔
وارنر بروس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی بلاک بسٹر ہارر فلم ’دی نن‘ کا دوسرا پارٹ 8 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کرنے جارہے ہیں۔
ہالی وڈ فلم ’دی نن 2‘ انڈیا کی مختلف ریاستوں میں نہ صرف انگریزی بلکہ ہندی، تیلگو اور تامل ڈب کے ساتھ سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
رواں برس یہ دوسری بار ہوا ہے کہ ہالی وڈ کی فلم میگا ہندی فلم کے ساتھ ریلیز کی جارہی ہے،21 اپریل کو سلمان خان کی ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کے ساتھ ہالی وڈ کی ’ایول ڈیڈ رائز‘ ریلیز کی گئی تھی۔
ہالی وڈ کی نئی فلم ’دی نن 2‘ سے بڑی توقعات کی جارہی ہیں اور اس کے پہلے پارٹ نے انڈیا سے 46 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔