لاہور(کلچرل رپورٹر)بھارتی موسیقاروں کی جانب سے پاکستانی گانوں کے میوزک چرانے کا سلسلہ جاری معروف پاکستانی گلوکار عمر خلیفہ نے بھارتی فلم کمپنی کو عدالت لیکر جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے نوٹس جاری کردیئے ۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مقیم معروف پاکستانی گلوکار عمر خلیفہ نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی کمپنی لو فلم اور معروف میوزک کمپنی نے میرے گانے ”بلو تیری ٹور“ کا میوزک دھن چوری کی ہے انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے اپنا یہ گانا 2019 میں ورلڈ وائیڈ ریلیز کیا تھا جس کو میوزک کی دنیا سمیت سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی تھی اس گانے کے میوزک کے حقوق بھی میرے پاس موجود ہیں ۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارتی فلم ”تو جھوٹی میں مکار“ جو یش راج کی بینرز تلے بنی ہے جس کو معروف بھارتی میوزک کمپنی اور معروف انٹرنینشنل فلم ریلیز کمپنی کے پلیٹ فارم سے نشر کیا جارہا ہے میں چونکہ امریکہ میں موجود ہوں اس لئے میں اب ان سب کو لیگل نوٹس جاری کر رہا ہوں کیونکہ میں بغیر اجازت اپنا میوزک کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
گلوکار عمر خلیفہ کا کہنا تھا کہ میں اپنی آرٹسٹ کمیونٹی سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ میرا ساتھ دیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم بچپن سے دیکھتے ارہے ہیں ہمیشہ پاکستانی گلوکاروں موسیقاروں کے تیار کردہ گیتوں کو بھارتی فلمساز میوزک ڈائریکٹرز چوری کرتے رہے ہیں میں ایسی نا انصافی ہوتے نہیں دیکھ سکتا اس لئے فیصلہ کیا ہے ان بھارتی موسیقار یافلم کمپنی سمیت دیگرکو انصاف کے کٹہرے میں لیکر آوں مجھے امید ہے مجھے انصاف ملے گا۔