ذکا اشرف کے نام سے ٹوئٹر پر موجود اکاؤنٹ جعلی نکلا

Jul 08, 2023 | 00:26 AM

ایک نیوز:ذکا اشرف کے نام سے ٹوئٹر پر موجودتصدیق شدہ اکاؤنٹ جعلی نکلا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف کے نام سے چلایا جانے والا ٹوئٹر کا تصدیق شدہ اکاؤنٹ ان کا نہیں۔
ذکا اشرف کے نام سے اس اکاؤنٹ کی تصدیق جون 2023 میں کی گئی اور اس کے ٹوئٹر پر 8ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور ان کے اکاؤنٹ کے تعارف میں چیئرمین پی سی بی بھی لکھا ہوا ہے۔فروری 2021 میں بنائے گئے اس جعلی اکاؤنٹ سے اب تک کُل 55 ٹوئٹس کی گئی ہیں۔
کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ ذکا اشرف کا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے اور ان کے نام سے اکاؤنٹ بنانے والے شخص نے یقیناً ٹوئٹر پر رقم ادا کر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کا حامل بلیو ٹک حاصل کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈکے مطابق اس اکاؤنٹ کے حوالے سے ٹوئٹر کو رپورٹ کر دیا گیا ہے۔ٹوئٹر نے گزشتہ سال نومبر میں نیلے رنگ کے نشان(بلیو ٹک) کے لیے اضافی رقم کی ادائیگی کا قانون متعارف کرایا تھا اور کئی تصدیق شدہ لاکھوں اور ہزاروں فالووورز کے حامل اکاؤنٹس کو بلیو ٹک سے محروم کردیا تھا جس کے ساتھ ہی غلط معلومات کا ایک بحران شروع ہو گیا تھا۔


مختلف لوگوں نے ٹوئٹر کی اس سروس کا فائدہ اٹھا کر معروف شخصیات، برانڈز اور کمپنیوں کے نام سے اکاؤنٹ بنائے جس سے ان کی ساکھ کو کافی نقصان پہنچا جس کے بعد وقتی طور پر ایلون مسک کی کمپنی نے یہ سروس بند کردی تھی۔
تاہم دسمبر میں رقم ادا کر کے حاصل کی جانے والی اس سروس کا دوبارہ آغاز کردیا گیا تھا جس میں لوگوں کے انفرادی اکاؤنٹس کو بلیو ٹک جبکہ کاروباری اور سرکاری اکاؤنٹس کو بالترتیب گولڈ اور سرمئی رنگ کے ٹک سے نوازنے کا اعلان کیا گیا لیکن اس کے لیے ماہانہ 2ہزار 250 روپے یا سالانہ 23ہزار 700 روپے ادا کرنے کی شرط عائد کی گئی۔

مزیدخبریں