لفنگے کو عید پر ریلیز کرنے کے متعلق سینسر بورڈ کا نیا فیصلہ

Jul 08, 2022 | 15:46 PM

Hasan Moavia
ایک نیوز نیوز: پاکستان بورڈ آف فلم سینسرز سمیت ملک کے تمام فلم سینسر بورڈز نے فلم لفنگے سے فحش جملے اور مناظر نکالنے کے بعد اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لفنگے کامیڈی فلم ہے۔ جس کی کہانی 4 نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جن کے خواب بڑے ہوتے ہیں مگر وہ اپنے خواب کو پورا کرنے کا طریقہ نہیں جانتے ہیں۔

واضع رہے کہ وفاقی فلم سینسر بورڈ سی بی ایف سی نے فحش جملوں اور جنسی اشاروں کی وجہ سے گزشتہ ہفتے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی تھی۔ سمیع خان، مانی، سلیم معراج اور مبین گبول کی فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جون کے آخر میں ریلیز کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ مرکزی فلم سینسر بورڈ نے فلم پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ فلم کی ٹیم کے پاس فل بورڈ کے پاس اپیل کرنے کا حق ہوگا۔ جس کے بعد فلم کی ٹیم نے اسے ریلیز کرنے کے لیے فل بورڈ کے سامنے درخواست دائر کی تھی۔
فلم بورڈ میں مرکزی فلم سینسر سمیت صوبائی فلم سینسر بورڈ کے سینیئر ارکین نے شرکت کی۔ جنہوں نے لفنگے کی ٹیم کی دخواست کا جائزہ لے کر فلم سے فحش جملے اور نامناسب اشارے نکالنے کی شرط پر اسے ریلیز کی اجازت دی۔
فلم کے مرکزی اداکار سمیع خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ لفنگے کو تمام فلم سینسر بورڈز نے ریلیز کی اجازت دے دی۔ جس کے بعد اب فلم کو اعلان کردہ شیڈول کے مطابق عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کے دوسرے مرکزی اداکار مانی نے بھی فلم سے پابندی ہٹائے جانے کی تصدیق کی اور انہوں نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ فلم سینسر بورڈز کی ہدایات کے مطابق ڈائلاگ اور مناظر نکال دیے گئے اور اب فلم کو عید پر پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں