اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، بڑھتے کورونا کیسز پر آج وزیراعظم کو بریفنگ دینے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کی طرف بالکل نہیں جائیں گے، ملک گیر لاک ڈاؤن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لیکن اگر صورتحال خراب ہوئی تو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا مزید بڑھنےکا خطرہ ہے لہٰذا تمام لوگ ایس او پیز پر عمل کریں، سماجی فاصلہ رکھیں، ماسک پہنیں اور ویکسی نیشن کروائیں۔
آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں کورونا بہت بڑھ رہاہے، ہم نے وہاں الیکشن ملتوی کروانے کی پہلی ہی تجویز دے دی تھی کیونکہ الیکشن کا ماحول شروع ہوتے ہی صورتحال کنٹرول کرنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کا فیصلہ تھا کہ وہ الیکشن کروانا چاہتے ہیں لہٰذا آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو کہا ہے ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میری دی گئی ہدایت پر این سی او سی نے کل آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے، خط کے ساتھ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔